سعودی حکومت کیجانب سے عمرہ زائرین کیلئے نئی سہولت متعارف
سعودی عرب کی وزارت  حج و عمرہ  کی جانب سے  عمرہ زائرین کے لیے نئی مہم ’جائی للعمرہ‘(عمرہ روانگی) کا آغاز کردیا  گیا۔
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے نئی مہم ’جائی للعمرہ‘(عمرہ روانگی) کا آغاز کردیا گیا۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس مہم کا مقصد خدمات، رہنما اصولوں اور مناسب طرز عمل کے بارے میں آگاہی کو بڑھانا اور عمرہ زائرین کے مجموعی تجربے کو بہتر سے بہتر ین بنانا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام عمرہ کے سفر کو سہل اور مؤثر بنانے کے لیے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق اور ماہ صیام کے عمرہ سیزن کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ رمضان المبارک کے دوران دنیا بھر سے سب سے زیادہ عمرہ زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب آتے ہیں، رواں برس 1447 ہجری کے آغاز سے اب تک بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ سے متجاوز ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ فیصل بن ترکی بن عبداللہ آل سعود انتقال کرگئے

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ حج وعمرہ کی مہم ’جائی للعمرہ‘ ماہ صیام کے اختتام تک جاری رہے گی، اس دوران عمرہ زائرین کو اہم معلومات ومسائل کے بارے میں ڈیجیٹل آگاہی فراہم کی جائے گی ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مہم میں سعودی عرب آمد سے لے کر بحفاظت اپنے وطن واپسی تک کے تمام مراحل کو ایک جگہ پر اکٹھا کیا گیا ہے، مہم کے تحت ایئرپورٹ، بارڈر کراسنگ، ٹرانسپورٹ سٹیشنز، حرمین شریفین میں رہائشی مراکز، تاریخی و ثقافتی مقامات کے بارے میں معلومات و رہنمائی 6 سے زائد زبانوں میں فراہم کی جائے گی۔