شہزادہ فیصل بن ترکی بن عبداللہ آل سعود انتقال کرگئے
Saudi Prince Faisal bin Turki death
فائل فوٹو
ریاض:(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شاہی خاندان کے شہزادہ فیصل بن ترکی بن عبداللہ آل سعود بن فیصل آل سعود انتقال کرگئے۔

ان کے انتقال کی تصدیق سعودی پریس ایجنسی (SPA) نے کی، جس میں ایوانِ شاہی کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق شہزادہ فیصل بن ترکی بن عبداللہ آل سعود کا انتقال بدھ کو ہوا، جس کے بعد شاہی خاندان، اعلیٰ حکام اور عوام کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ جمعرات 22 جنوری کو بعد نمازِ مغرب مسجد الحرام، مکہ مکرمہ میں ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے پڑھائی، اس موقع پر سعودی شاہی خاندان کے متعدد افراد، اعلیٰ سرکاری حکام، علما کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مسجد الحرام میں نمازِ جنازہ کے دوران دعا اور عقیدت کا ماحول دیکھنے میں آیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایک فون کال، سونے کے فراڈ میں ملوث ملزم کیسے گرفتار ہوا؟

ایوانِ شاہی کی جانب سے جاری بیان میں مرحوم شہزادے کیلئے اللہ تعالیٰ سے رحمت، مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔

شہزادہ فیصل بن ترکی بن عبداللہ آل سعود کا شمار شاہی خاندان کے معزز افراد میں ہوتا تھا، ان کے انتقال پر نہ صرف سعودی عرب بلکہ عالمِ اسلام میں بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔