لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے پنجاب کے تعلیمی اداروں کیلئے ایک معیاری تعلیمی کیلنڈر تجویز کیا ہے جس کی بنا پر ہر سال 190 تدریسی دن مکمل کرنا لازمی ہوگا۔
کمیٹی نے اپنی سفارشات میں گرمیوں کی موجودہ ڈھائی ماہ کی چھٹیوں کو کم کر کے صرف چھ ہفتے کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ مجموعی طور پر سالانہ تعطیلات کی تعداد 175 رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے 192 ممالک کے شہریوں کے لیے آن لائن ویزا متعارف کرا دیا
یہ کمیٹی جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کے دوران تشکیل دی گئی تھی جس میں تعلیمی اداروں میں بڑھتی چھٹیوں کو چیلنج کیا گیا، کمیٹی نے چار ماہ کے دوران تین اجلاس منعقد کیے اور تیسرے اجلاس میں حتمی سفارشات مرتب کیں۔
لاہور میں ہونے والا آخری اجلاس اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری کی زیر صدارت ہوا جس کی نگرانی اسپیشل سیکریٹری محمد اقبال نے کی، اجلاس کے بعد محمد اقبال نے پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹیسٹنگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کو ہدایت کی کہ تین دن کے اندر یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: تیز بارش اور شدید برفباری، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا
کمیٹی کا موقف ہے کہ چھٹیوں میں مسلسل اضافے سے خاص طور پر اعلی جماعتوں میں نصاب مکمل نہیں ہو پاتا جس کا براہ راست اثر طلبہ کی تعلیمی کارکردگی پر پڑتا ہے، نجی اسکولوں کی تنظیموں نے بھی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے اسے تعلیمی بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔