سولر پینلز مہنگے، فی واٹ قیمت میں نمایاں اضافہ
solar panel prices Pakistan
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) ملک بھر میں بجلی کے بڑھتے بلوں کے پیش نظر سولر توانائی کی مانگ میں اضافے کے ساتھ ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرمیوں کے آغاز سے قبل سولر پینلز کی قیمتوں میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے، رپورٹس کے مطابق فی واٹ سولر پینل کی قیمت میں 10 روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نرخ 30 روپے سے بڑھ کر 40 روپے فی واٹ تک جا پہنچے ہیں۔

بجلی کے بلند بلوں اور لوڈ شیڈنگ سے تنگ شہری بڑی تعداد میں سولر توانائی کی جانب منتقل ہو رہے ہیں، تاہم حالیہ اضافہ مکمل سولر سسٹمز کی لاگت میں بھی نمایاں فرق لے آیا ہے، ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اضافے سے ایک مکمل سولر سیٹ اپ پر لاگت تقریباً دو لاکھ روپے تک بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ڈالر کی قدر مستحکم

نظر ثانی شدہ نرخوں کے تحت 5 کلوواٹ آن گرڈ سولر سسٹم کی قیمت 6 لاکھ 50 ہزار روپے، 7 کلوواٹ سسٹم 7 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 10 کلو واٹ سسٹم 11 لاکھ روپے میں دستیاب ہے، اسی طرح 12 کلوواٹ سسٹم کی قیمت 12 لاکھ 50 ہزار اور 15 کلوواٹ سولر سسٹم 15 لاکھ روپے تک جا پہنچا ہے۔

مزید برآں، موسم گرما میں طلب بڑھنے کے باعث قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان بھی موجود ہے جس پر صارفین کو بروقت خریداری کا فیصلے کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔