ایک فون کال: سونے کے فراڈ میں ملوث ملزم کیسے گرفتار ہوا؟
اچھرہ جیولری مارکیٹ
لاہور کی اچھرہ جیولری مارکیٹ سے 20 کلو سونا لے کر فرار ہونے والے مرکزی ملزم کی گرفتاری کی اندرونی کہانی سامنے آگئی/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی اچھرہ جیولری مارکیٹ سے 20 کلو سونا لے کر فرار ہونے والے مرکزی ملزم کی گرفتاری کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ایک بظاہر معمولی فون کال نے پولیس کو کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزم تک پہنچا دیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ فون کال روزمرہ کی عام کالز جیسی ہی تھی، مگر کسی کو اندازہ نہ تھا کہ یہی کال آنے والے دنوں میں فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ کال سنی گئی، معاملہ ختم سمجھا گیا، مگر چند ہی گھنٹوں بعد پولیس کال کرنے والے شہری کے دروازے پر موجود تھی۔

یہ واقعہ اچھرہ فراڈ کے مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر کی گرفتاری کا نقطۂ آغاز بنا۔ پولیس کی دستک پر جب شہری نے دروازہ کھولا تو اتنی بھاری نفری دیکھ کر حیران رہ گیا۔ پولیس نے شہری سے اس کا موبائل فون طلب کیا۔ شہری نے وضاحت کی کہ یہ موبائل اس نے چند روز قبل ایک دکان سے خریدا ہے اور اس کی رسید بھی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جیولرز مارکیٹ سے 20 کلو سونا لیکر فرار ملزم گرفتار

پولیس نے شہری سے موبائل فروخت کرنے والے دکاندار تک پہنچانے کو کہا۔ چند ہی لمحوں بعد پولیس اس دکان پر پہنچ گئی جہاں حال ہی میں دو موبائل فون فروخت کیے گئے تھے۔ دکاندار نے بتایا کہ موبائل فون چند ہفتے قبل فروخت ہوئے تھے اور ان کی رسیدیں اور سی سی ٹی وی ریکارڈ محفوظ ہیں۔

پولیس نے فوری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تو انکشاف ہوا کہ موبائل فون فروخت کرنے والا شخص کوئی اور نہیں بلکہ اچھرہ گولڈ مارکیٹ کے تاجروں اور اپنی سوتیلی والدہ سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والا ملزم شیخ وسیم اختر ہی تھا۔

اگرچہ پولیس کو تحقیقات میں ایک اہم سرا ملا، مگر ابتدا میں یہ سرا ملزم کے موجودہ ٹھکانے تک پہنچانے کے لیے ناکافی تھا۔ اسی دوران دکاندار نے انکشاف کیا کہ ملزم نے موبائل فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ دو موبائل فون خریدے بھی تھے۔ یہ اطلاع ملتے ہی پولیس کو تفتیش میں ایک نیا اور مضبوط راستہ مل گیا۔

پولیس نے فوری طور پر خریدے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبرز حاصل کیے، جن کی مدد سے ملزم کی لوکیشن ٹریس کی گئی۔ چند روز کی مسلسل کوششوں کے بعد پولیس بالآخر مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر کے دروازے تک پہنچ گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اسلام آباد سے لاہور منتقل کر دیا گیا، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ اچھرہ میں فراڈ اور غبن کے دس مقدمات درج ہیں۔ ملزم اپنی والدہ سمیت سونے کے تاجروں سے 16 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کر کے فرار ہوا تھا، جسے پولیس گزشتہ دو ماہ سے تلاش کر رہی تھی۔