کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز
Pakistan social media ban
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان میں سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

پاکستان میں کم عمر بچوں کے لیے سوشل استعمال پر پابندی کے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں لاہور ہائیکورٹ میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا بے جا استعمال بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور تعلیمی نشوونما کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔

درخواست آٹھویں جماعت کی طالبہ عالیہ سلیم کی جانب سے انکی وکیل شیزا کے ذریعے دائر کی گئی ہے جس میں وفاقی حکومت، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا نے پاکستان کا پہلا بگ باؤنٹی چیلنج لانچ کر دیا

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ کم عمری میں سوشل میڈیا تک غیر محدود رسائی بچوں کو نفسیاتی مسائل، نامناسب مواد اور غیر صحت مند آن لائن رویوں کی طرف دھکیل رہی ہے جو انکی شخصیت اور مستقبل پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے اور اسی ذمہ داری کے تحت کم عمر افراد کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندیاں عائد کی جائیں، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ دیگر ممالک کی طرز پر پاکستان میں بھی بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کو ضابطے میں لایا جائے۔