پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت متعارف
نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی مشروط سہولت متعارف کرا دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی مشروط سہولت متعارف کرا دی۔

نادرا ترجمان کے مطابق پہلی بار رجسٹریشن کے لئے یہ سہولت 31 دسمبر 2026 تک مؤثر ہو گی جبکہ متبادل طریقوں سے درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔

اٹھارہ سال یا زائد عمر کی شادی شدہ خواتین کے پاس نکاح نامہ موجود ہو، والد یا والدہ اور شوہر کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہو ، ان کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہو گی جبکہ غیرشادی شدہ خواتین پر شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔

حکام نے بتایا کہ چوبیس سال یا زائد عمر مرد کے والد یا والدہ اور کسی ایک بہن بھائی کا شناختی کارڈ بنا ہو، والدین میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہو گی، والدین اور شوہر دونوں فوت لیکن نادرا میں ریکارڈ موجود ہو تو بائیومیٹرک پر چھوٹ مل سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کا شناختی تصدیق کا جدید ڈیجیٹل نظام متعارف

ترجمان کے مطابق پہلی بار نان سمارٹ کارڈ کسی فیس کے بغیر بھی جاری کیا جائے گا، شہری رجسٹریشن کے وقت درست معلومات یقینی بنائیں، ولدیت تاریخِ پیدائش اور جائے پیدائش میں تبدیلی نہیں ہو سکے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی کی ہدایت پر نادرا نے سہولت کا طریقہ وضع کیا ہے، نادرا اتھارٹی بورڈ بھی اس کی منظوری دے چکا ہے ، نادرا آرڈیننس اور شناختی کارڈ قواعد و ضوابط کے تحت یہ سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ 

ضرور پڑھیں