نادرا کا شناختی تصدیق کا جدید ڈیجیٹل نظام متعارف
NADRA digital verification system
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) نادرا نے نشان پاکستان کے نام سے نیا آن لائن پورٹل متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے اب فوری و محفوظ تصدیق ہوسکے گی۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے ڈیجیٹل سہولتوں کے فروغ کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے نشان پاکستان کے نام سے نیا آن لائن پورٹل شروع کر دیا ہے جس کا مقصد شناخت کی جانچ کے عمل کو تیز، محفوظ اور شفاف بنانا ہے۔

نادرا حکام کے مطابق اس نظام کے تحت وہ طویل اور پیچیدہ طریقہ کار ختم کر دیا گیا ہے جس میں اداروں کو مختلف مراحل اور دستاویزی کاروائی سے گزرنا پڑتا تھا تاہم اب تمام خدمات ایک ہی ویب پلیٹ فارم میں دستیاب ہوں گی جس سے وقت کی بچت اور شفافیت میں بہتری آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ انٹرن شپ کا اعلان

نئے پورٹل سے بینکوں، مائیکرو فنانس اداروں، الیکٹرانک منی کمپنیوں، نان بینکنگ مالیاتی اداروں اور ٹیلی کام شعبے کو جدید بائیو میٹرک سہولتیں فراہم کی جائیں گی، فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت پر مبنی تصدیق کے ساتھ ویری سس، پروف آف لائف اور سنگل سائن آن جیسی سہولتیں مکمل طور پر ڈیجیٹل انداز میں دستیاب ہوں گی۔

نادرا کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن اور سبسکرپشن کا عمل بھی آن لائن رکھا گیا ہے تاکہ ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور فوری توثیق ممکن ہو، یہ اقدام ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کے تحت مالی شمولیت، ای گورننس اور محفوظ آن لائن نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے۔