پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ انٹرن شپ کا اعلان
KAUST Internship 2026
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی معروف جامعہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KAUST) نے وزیٹنگ سٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام 2026 کے تحت پاکستانی طلبہ سمیت دنیا بھر کے انڈرگریجویٹ اور ماسٹرز طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ بین الاقوامی انٹرن شپ کیلئے درخواستیں طلب کر لیں۔

پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو ماہانہ ایک ہزار امریکی ڈالر وظیفہ فراہم کیا جائے گا، اس کے علاوہ واپسی کے ہوائی ٹکٹ، کیمپس میں مفت رہائش، مکمل ہیلتھ انشورنس، ویزا سپورٹ اور جدید تحقیقی لیبارٹریز تک رسائی بھی دی جائے گی۔

انٹرن شپ کا دورانیہ 3 سے 6 ماہ ہوگا اور شرکاء عالمی شہرت یافتہ فیکلٹی کی نگرانی میں مختلف تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔

اس پروگرام میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے شعبے شامل ہیں، جن میں کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، انرجی اسٹڈیز، ماحولیاتی سائنس اور حیاتیاتی علوم شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات، داخلہ جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

اہلیت کیلئے ضروری ہے کہ امیدوار انڈرگریجویٹ (کم از کم تیسرے سال) یا ماسٹرز کے طالب علم ہوں، کم از کم جی پی اے 3.5 ہو اور انگریزی زبان پر عبور رکھتے ہوں، IELTS یا TOEFL جمع کرانا ضروری نہیں، پی ایچ ڈی کے طلبہ اور KAUST کے موجودہ یا سابق طلبہ اس پروگرام کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی، جس میں تازہ ترین سی وی، سرکاری تعلیمی ٹرانسکرپٹ، سفارشی خط، ذاتی بیان اور پاسپورٹ کی کاپی اپ لوڈ کرنا ضروری ہے۔