اس اپ ڈیٹ کے تحت اب گوگل اکاؤنٹ ہولڈرز اپنے پرائمری @gmail.com ای میل ایڈریس کو تبدیل کر سکتے ہیں، وہ بھی بغیر کسی ڈیٹا کے ضائع ہونے کے خدشے کے۔ اس نئی سہولت کو صارفین کی آسانی اور اکاؤنٹ مینجمنٹ کو بہتر بنانے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔
گوگل کے مطابق اگر کوئی صارف اپنی موجودہ جی میل آئی ڈی تبدیل کرتا ہے تو اس کے اکاؤنٹ میں موجود تمام ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہے گا۔ اس میں تصاویر، ای میلز، پیغامات اور دیگر ذاتی معلومات شامل ہیں، جو نئی جی میل آئی ڈی پر سوئچ کرنے کے باوجود متاثر نہیں ہوں گی، یوں صارفین بلا خوف و خطر نئی ای میل آئی ڈی استعمال کر سکیں گے۔
اس اپ ڈیٹ کی ایک اور اہم خصوصیت یہ ہے کہ صارفین پرانے اور نئے دونوں ای میل ایڈریس کے ذریعے گوگل کی مختلف سروسز جیسے Gmail، Google Maps، YouTube اور Google Drive میں سائن ان کر سکیں گے۔ اس سے صارفین کو لاگ اِن مسائل یا ڈیٹا تک رسائی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار پاکستان کا انتظام سنبھال لیا
گوگل کا کہنا ہے کہ ایک بار نیا جی میل ایڈریس بنانے کے بعد صارفین اگلے 12 ماہ تک کوئی اور نیا ای میل ایڈریس تبدیل نہیں کر سکیں گے، تاہم پرانا ایڈریس کسی بھی وقت دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس شرط کا مقصد صارفین کو غیر ضروری تبدیلیوں سے بچانا اور اکاؤنٹ سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اگرچہ گوگل نے ڈیٹا کی مکمل حفاظت کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ای میل ایڈریس تبدیل کرنے سے پہلے اپنی اہم معلومات کا بیک اپ ضرور بنا لیں، کیونکہ اس عمل کے دوران بعض ایپس کی سیٹنگز ری سیٹ ہو سکتی ہیں۔
گوگل کے مطابق یہ جانچنے کیلئے کہ آیا یہ فیچر صارف کے اکاؤنٹ میں فعال ہے یا نہیں، صارفین سیٹنگز میں جا کر Personal Information کے سیکشن میں اس آپشن کو دیکھ سکتے ہیں۔