ملک بھر میں کل انٹرنیٹ سروس کے تعطل ہونے کا امکان
معروف انٹرنیٹ سروس Nayatel
پاکستان بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو 15 جنوری کو سست رفتار انٹرنیٹ اور ممکنہ سروس تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): پاکستان بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو 15 جنوری کو سست رفتار انٹرنیٹ اور ممکنہ سروس تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ ملک کی ایک اہم بین الاقوامی سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر مرمتی کام شیڈول کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معروف انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ Nayatel نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ یہ مرمتی کارروائی 15 جنوری کو دوپہر تقریباً 2 بجے شروع ہوگی اور اس میں آٹھ گھنٹے تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس دوران انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں کمی، تاخیر (لیٹنسی) اور بعض علاقوں میں عارضی بندش کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ نیا ٹیل کی جانب سے صارفین کو ای میل کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے کہ یہ مرمت ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل پر کی جا رہی ہے اور یہ کام ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ میں فیس بک جیسا نیا فیچر شامل

کمپنی کی جانب سے کیبل کی درست جغرافیائی لوکیشن یا خرابی کی تکنیکی نوعیت سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم یہ واضح کیا گیا ہے کہ مرمتی کام کے دوران ڈیٹا ٹریفک کو متبادل راستوں کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ متبادل روٹس انٹرنیٹ سروس کو مکمل طور پر بند ہونے سے بچا لیتے ہیں، لیکن ان کی گنجائش محدود ہونے کے باعث رفتار میں کمی اور کنکشن کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

سب میرین کیبلز پاکستان کے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ملک میں آن لائن براؤزنگ، ویڈیو اسٹریمنگ، سوشل میڈیا، آن لائن تعلیم، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل کاروبار کا بڑا انحصار انہی کیبلز پر ہوتا ہے۔ کسی ایک بڑی کیبل میں خرابی یا مرمت پورے ملک میں انٹرنیٹ سروس کے معیار کو متاثر کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں، یکم جنوری 2026 کو بھی پاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ سست روی اور بندش دیکھنے میں آئی تھی۔ اس وقت صارفین کو دو دن سے زائد عرصے تک مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کی وجہ ایک اپ اسٹریم انٹرنیٹ فراہم کنندہ میں تکنیکی خرابی بتائی گئی تھی۔ اس واقعے کے بعد بھی صارفین نے متبادل انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔