میرا گھر میرا آشیانہ سکیم: قرض کی حد میں اضافے کی منظوری
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے میرا گھر میرا آشیانہ سکیم کے تحت قرض کی حد ایک کروڑ روپے تک کرنے کی منظوری دے دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے میرا گھر میرا آشیانہ سکیم کے تحت قرض کی حد ایک کروڑ روپے تک کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں عام آدمی کو گھر کی سہولت فراہم کرنے اور معیشت کو متحرک بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق دوران اجلاس وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے میرا گھر میرا آشیانہ کم لاگت رہائشی فنانسنگ اسکیم کی نظرثانی شدہ خصوصیات کی سمری پیش کی جس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

دوران اجلاس کمیٹی کے شرکاء کو بتایا گیا کہ اسکیم کے آغاز سے اب تک عوام کی جانب سے بھرپور دلچسپی سامنے آئی ہے اور 10 ہزار 594 سے زائد قرض کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ ادائیگیوں کا عمل تاحال جاری ہے۔

اجلاس میں ای سی سی نے قرض کی حد بڑھا کر 10 ملین روپے تک کرنے، رہائشی یونٹس کے اہل سائز میں توسیع، تمام صارفین کے لیے یکساں 5 فیصد شرح مقرر کرنے اور آئندہ چار سال کے دوران ہاؤسنگ فنانس کے اہداف میں وسعت کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: ایگریکلچر انٹرنز کا ماہانہ وظیفہ 70 ہزار روپے کرنے کی منظوری

ای سی سی نے مرکزی بینک کے ذریعے عمل درآمد جاری رکھنے اور پہلے سے جاری شدہ قرضوں کو بھی 5 فیصد شرح پر لانے کی منظوری دے دی ہے تاکہ یکسانیت برقرار رہے۔

اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے ہدایت کی کہ سبسڈی کی ادائیگیاں حقیقی اجرا کے مطابق اور سالانہ مالی گنجائش کے اندر کی جائیں، اس نظرثانی شدہ فریم ورک کا مقصد کم آمدنی والے طبقات کے لیے گھروں کی فراہمی آسان بنانا، تعمیراتی شعبے کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور متوازن رسک شیئرنگ و مارک اپ سبسڈی ماڈل کے ذریعے پائیدار گھر کی ملکیت یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں وزارتِ داخلہ و انسداد منشیات کی جانب سے نیشنل پروگرام فار انہانسنگ کمانڈ ایریاز ان بارانی ایریاز آف پاکستان کے آئی سی ٹی جزو کے لیے 7.289 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے جس کا مقصد بارانی علاقوں میں زرعی پیداوار بہتر بنانا ہے۔ 

ضرور پڑھیں