اس نئے فیچر کے تحت اب واٹس ایپ صارفین اپنی پروفائل فوٹو کے ساتھ ایک کور فوٹو بھی شامل کر سکیں گے، جس سے پروفائل مزید دلکش ہو جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ کے نئے آئی او ایس بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے، اس اپڈیٹ کے بعد پروفائل پکچر کے اوپر اضافی جگہ فراہم کی جا رہی ہے، جہاں صارفین اپنی پسند کی کور فوٹو لگا سکیں گے۔
واٹس ایپ پروفائل میں فیس بک کی طرز پر ایک کور بینر لے آؤٹ شامل کیا جا رہا ہے، جو پروفائل دیکھنے والوں کو بھی واضح طور پر نظر آئے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کور فوٹو کا آپشن صرف واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس تک محدود تھا، تاہم اب میٹا نے اسے عام صارفین کیلئے بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام کو صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کیا آپ جانتے ہیں سردیوں میں موبائل کی بیٹری جلد ختم کیوں ہوتی ہے؟
کور فوٹو لگانے کا طریقہ بھی فیس بک سے ملتا جلتا ہوگا، صارفین کور فوٹو کے مخصوص حصے پر کلک کر کے اپنی گیلری سے تصویر منتخب کر سکیں گے اور جب چاہیں اسے تبدیل بھی کر سکیں گے۔ یہ فیچر پروفائل سیٹنگز میں فعال رہے گا اور پروفائل دیکھنے والے تمام افراد کو نظر آئے گا۔
اس نئے فیچر سے واٹس ایپ پروفائلز مزید منفرد اور پرکشش ہو جائیں گی، جبکہ صارفین کو خود کو اظہار کرنے کے مزید مواقع ملیں گے، توقع کی جا رہی ہے کہ بیٹا ٹیسٹنگ کے بعد یہ فیچر جلد تمام صارفین کیلئے متعارف کرا دیا جائے گا۔