برطانیہ جانیوالے پاکستانیوں کیلئے ای ویزا کی سہولت متعارف
برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانی اب ای ویزا کی سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانی اب ای ویزا کی سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔

برطانیہ کا سفر کرنے والے افراد، بشمول سیاح اب نئے ای ویزا سسٹم کا فائدہ اٹھا سکیں گے، اب پاسپورٹ پر ویزا سٹیکر لگانے کے بجائے بذریعہ ای میل تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا، درخواست گزار بدستور اپنی درخواست آن لائن جمع کروائیں گے۔

درخواست گزار کو بائیومیٹرک تصدیق کے لئے ویزا ایپلی کیشن سینٹر جانا ہو گا ، کامیاب درخواست گزاروں کو اپنے امیگریشن اسٹیٹس کا ڈیجیٹل ریکارڈ ای ویزا کی صورت میں دیا جائے گا، جس کے ریکارڈ کی تصدیق آن لائن یو کے ویزا اینڈ امیگریشن اکاؤنٹ پر باآسانی کی جا سکے گی۔

اِسی طرح درخواست گزاروں کو پاسپورٹ واپس لینے کے لیے دوبارہ ویزا سینٹر جانے کی ضرورت نہیں ہو گی، درخواست گزار بائیو میٹرک سیشن کے بعد پاسپورٹ اپنے پاس رکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عید سے قبل تنخواہوں کے حوالے سے اہم خبر

درخواست گزار اپنی ویزا حیثیت ثابت کرنے کے لیے بارڈر یا دیگر مقامات پر ایک شیئر کوڈ بھی تیار کر سکیں گے، ویزا پراسیسنگ کے اوقات، اہلیت کے معیار یا شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ کا سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لیے یہ ایک نہایت خوش آئند اقدام ہے، اِس سے درخواست کے عمل کا ایک بڑا مرحلہ ختم ہو جاتا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ویزا کی درخواست دینے کے خواہشمند افراد ایجنٹس کے استعمال سے اجتناب کریں، موجودہ سٹیکر ویزے آج کی تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوں گے۔ 

ضرور پڑھیں