فروری میں ملک میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے راہ ہموار
فروری میں ملک میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے راہ ہموار ہو گئی، وفاقی حکومت نے فائیو اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پالیسی ڈائریکٹو جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) فروری میں ملک میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے راہ ہموار ہو گئی، وفاقی حکومت نے فائیو اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پالیسی ڈائریکٹو جاری کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد 15 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی،700، 1800، 2100، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈ میں سپیکٹرم کی نیلامی کی جائے گی، وفاقی حکومت نے پی ٹی اے کو شفاف اور مسابقتی نیلامی کرانے کی ہدایت کر دی۔

پالیسی ڈائریکٹو کے مطابق 2014 سے 2021 تک مختلف بینڈز میں اسپیکٹرم نیلام ہوچکا ہے، موجودہ موبائل آپریٹرز اور نئے سرمایہ کار نیلامی میں حصہ لے سکیں گے، 700 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی بنیادی قیمت 65 لاکھ ڈالر فی میگا ہرٹز مقرر کی گئی ہے جبکہ 1800 اور 2100 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی قیمت ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر فی میگا ہرٹز مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل اور انٹرنیٹ صارفین کیلئے سائبر سکیورٹی الرٹ جاری

اسی طرح 2300 میگا ہرٹز بینڈ کے لیے قیمت 10 لاکھ ڈالر، 2600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی بنیادی قیمت 12 لاکھ 50 ہزار ڈالر فی میگا ہرٹز اور 3500 میگا ہرٹز بینڈ کی قیمت 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر فی میگا ہرٹز رکھی گئی ہے۔

حکام کا بتانا ہے کہ اسپیکٹرم فیس پاکستانی روپے میں ادا ہوگی جبکہ ڈالر ریٹ لاک ہو گا، فائیو اسپیکٹرم ٹیکنالوجی نیوٹرل ہو گی، کسی ایک ٹیکنالوجی کی پابندی نہیں ہو گی، نیلام شدہ اسپیکٹرم تمام موجودہ اور آئندہ ٹیکنالوجیز کے لیے قابلِ استعمال ہو گا۔

اس کو بھی پڑھیں: ٹیلی کام سیکٹر کے حوالے سے عوام کیلئے خوشخبریاں ہیں، شزا فاطمہ

فائیو لائسنس میں مرحلہ وار نیٹ ورک رول آؤٹ لازمی ہو گا، رول آؤٹ میں شہروں، سائٹس اور فائبر ٹو ٹاور اہداف شامل ہوں گے، صارفین کے لیے بہتر کوالٹی آف سروس شرائط نافذ کی جائیں گی، کامیاب بولی دہندگان کو 15 سال کے لیے نیا لائسنس جاری ہو گا۔

اسپیکٹرم ٹریڈنگ اور شیئرنگ کی اجازت لائسنس کا حصہ ہو گی، وفاقی حکومت نے فروری کے وسط میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، وفاقی حکومت کے پالیسی ڈائریکٹیو کے بعد پی ٹی اے انفارمیشن میمورنڈم جاری کرے گا۔