رپورٹ کے مطابق ملتان میں گزشتہ ہفتے کے دوران آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملتان شہر میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت ایک ہزار 450 روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 550 روپے ہو گئی۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ کھلا آٹا چکی پر 120 روپے کلو جبکہ مل آٹا 110 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے ، سرکاری آٹا مارکیٹ میں فروخت نہیں ہورہا جس کے باعث قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی آٹا مہنگا ہو گیا، صوبائی دارالحکومت پشاور میں 20کلو فائن آٹے کی قیمت 3 ہزار 100روپے ہو گئی جبکہ مارکیٹ میں مکس آٹا 2 ہزار 950روپے میں فروخر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمتوں میں اضافہ
ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20کلو تھیلے کی قیمت میں 300سے 400روپے تک اضافہ ہوا ہے جبکہ آٹا ڈیلرز نے قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ادھر کوئٹہ میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، ایک ماہ میں 50 کلو آٹے کے تھیلے میں ایک ہزار روپے کا اضافہ ہو گیا، گزشتہ ایک ماہ کے دوران 50 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار روپے مہنگا ہوا،کوئٹہ میں 50 کلو آٹے کا تھیلا 6ہزار 500 اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 600 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
اس کو بھی پڑھیں: چکن کی قیمتوں میں 100 روپے فی کلو اضافہ
آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتیں گندم کی قلت کے باعث بڑھ رہی ہیں ، دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت ہر دس دن بعد بڑھ رہی ہے، مہنگائی میں گھر چلانا مشکل ہوگیا ہے۔
دوسری طرف پنجاب میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار 810 روپے میں دستیاب ہے۔