چینی کی قیمتوں میں اضافہ؟
Sugar price hike Punjab
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے چینی پر شوگر سیس نافذ کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا،جس کے بعد پنجاب میں چینی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد عام صارفین اور دکانداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جو پہلے ہی مہنگائی کے شدید دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 40 کلو گرام چینی پر 5 روپے شوگر سیس عائد کیا گیا ہے۔ یہ ٹیکس پنجاب فنانس ایکٹ 1964 کے تحت نافذ کیا گیا، جس کا اطلاق صوبے بھر میں ہوگا۔

حکام کے مطابق اس سیس میں سے ڈھائی روپے شوگر ملز جبکہ ڈھائی روپے کسانوں کی جانب سے ادا کیے جائیں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ شوگر سیس سے حاصل ہونے والی آمدن شوگر ملز سے منسلک سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور بہتری پر خرچ کی جائے گی تاکہ دیہی علاقوں میں نقل و حمل کی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے،اس اقدام سے کسانوں اور صنعت دونوں کو طویل مدت میں فائدہ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں کمی کا اعلان

دوسری جانب شہریوں نے شوگر سیس کے نفاذ پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ایسے میں چینی جیسی بنیادی ضرورت پر نیا ٹیکس عوام کیلئے مزید مشکلات کا باعث بنے گا۔

دکانداروں اور ہول سیلرز نے بھی اس فیصلے پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ سیس شوگر ملز اور کسان ادا کریں گے، تاہم عملی طور پر اس کا بوجھ بالآخر صارفین پر ہی منتقل ہو جاتا ہے، جس سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو سکتا ہے۔