بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں کمی کا اعلان
Electricity price cut
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 93 پیسے کمی کی منظوری دے دی ، جس کے بعد صارفین کو آنے والے بجلی بلوں میں واضح ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ کمی نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا اور اس کا فائدہ جنوری کے بجلی بلوں میں دیا جائے گا

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ لائف لائن صارفین اس ریلیف سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔

دوسری جانب نیپرا نے یکم جنوری سے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 79 پیسے اضافے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس اضافے کے بعد جنوری 2026 سے فی یونٹ بجلی کے اوسط نرخ 33 روپے 38 پیسے مقرر کیے گئے ہیں۔

 نیپرا کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے، اس کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔

فی الوقت ملک میں بجلی کے اوسط بنیادی نرخ 31 روپے 59 پیسے فی یونٹ نافذ العمل ہیں، اگرچہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت کمی سے صارفین کو وقتی ریلیف ملے گا، تاہم بنیادی نرخوں میں متوقع اضافے سے مستقبل میں بجلی کے بلوں پر دوبارہ دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گاڑیوں کی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت پاک آئی ڈی ایپ پر متعارف

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں بار بار رد و بدل سے گھریلو اور صنعتی صارفین دونوں متاثر ہوتے ہیں، جبکہ عوام حکومت سے مستقل اور پائیدار ریلیف کی امید کر رہے ہیں۔

عوامی حلقوں میں اس اعلان کو جزوی ریلیف قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مستقبل کی قیمتوں سے متعلق بے یقینی بدستور برقرار ہے۔