گاڑیوں کی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت پاک آئی ڈی ایپ پر متعارف
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت اور ڈیجیٹل سروسز کے فروغ کے لیے ایک اور اہم اقدام اٹھا لیا ۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت اور ڈیجیٹل سروسز کے فروغ کے لیے ایک اور اہم اقدام اٹھا لیا ۔

حکومتِ سندھ کے اشتراک سے نادرا نے سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل کو مزید آسان بناتے ہوئے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر متعارف کرا دی ۔

نادرا حکام کے مطابق اس نئی سہولت کے تحت شہری اب گاڑیوں کی خرید و فروخت کے لیے بائیومیٹرک تصدیق گھر بیٹھے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے کروا سکیں گے جس سے دفاتر کے چکر لگانے اور طویل انتظار کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو جدید، محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ گاڑیوں کی منتقلی کا عمل زیادہ تیز اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کا سیلف سروس کاؤنٹر متعارف

نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے ذریعے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ جعلی ٹرانزیکشنز اور فراڈ کے امکانات میں بھی نمایاں کمی آئے گی، بائیومیٹرک تصدیق کے بعد شہری متعلقہ اداروں میں گاڑی کی ٹرانسفر سے متعلق مزید قانونی کارروائی مکمل کر سکیں گے، جس سے مجموعی عمل زیادہ منظم ہو جائے گا۔

نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ پہلے ہی شناختی دستاویزات سے متعلق مختلف سہولیات فراہم کر رہی ہے اور اب اس میں گاڑیوں کی بائیومیٹرک تصدیق کا اضافہ ایک اہم سنگِ میل ہے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے خاص طور پر وہ شہریوں مستفید ہو سکیں گے جو مصروفیت یا فاصلے کی وجہ سے سرکاری دفاتر جانے سے گریز کرتے ہیں۔

اس کو بھی پڑھیں: نادرا نے عوام کو زبردست سہولت دے دی

حکام نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے تاہم مستقبل میں اسے دیگر صوبوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔

دوسری جانب شہریوں نے نادرا کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل سہولیات عام آدمی کی زندگی کو واقعی سہل بنا رہی ہیں۔