نادرا نے عوام کو زبردست سہولت دے دی
NADRA digital services
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ایک اور بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے پنجاب کے محکمہ صحت اور محکمہ بلدیات کے ساتھ اہم معاہدہ کر لیا۔

اس معاہدے کے تحت پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں پیدائش اور اموات کا نادرا کے نظام میں آن لائن اور درست ڈیجیٹل اندراج ممکن ہو سکے گا، جس سے شہریوں کو رجسٹریشن کے طویل اور پیچیدہ مراحل سے نجات ملے گی۔

نادرا ترجمان کے مطابق اس معاہدے کا مقصد مختلف سرکاری محکموں کے درمیان ڈیجیٹل روابط کو مضبوط بنانا ہے تاکہ بروقت، مستند اور درست معلومات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

نئے نظام کے ذریعے ہسپتالوں میں ہونے والی پیدائش اور اموات کا ڈیٹا براہِ راست نادرا تک منتقل ہوگا، جس سے ریکارڈ میں غلطیوں اور تاخیر کے امکانات نمایاں طور پر کم ہو جائیں گے۔

تقریب میں صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے شرکت کی اور معاہدے پر عمل درآمد کیلئے تمام متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف شہریوں کیلئے سہولت کا باعث بنے گا بلکہ شعبہ صحت کی منصوبہ بندی، نظم و نسق اور پالیسی سازی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں ایک ساتھ 4 چھٹیاں، شہریوں کے مزے

نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان علی نے شرکاء کو ڈیٹا وصولی، تصدیق اور بلدیاتی محکمے کے ساتھ معلومات کے تبادلے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ جدید ڈیجیٹل نظام عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید شفاف اور مؤثر بنائے گا۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے شہریوں کو قانونی دستاویزات کے حصول میں آسانی، وقت کی بچت اور سرکاری نظام پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔