بھارت کی ہٹ دھرمی، ویمن ایشیا کپ جیت کر بھی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار
بھارتی ویمن ٹیم نے ایشیا کپ جیتنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا۔ بھارتی ٹیم کے اس اقدام کو سپورٹس مین سپرٹ کے حوالے سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی ویمن ٹیم نے ٹرافی وصول کرنے کے معاملے میں بھارتی مینز ٹیم کے سابقہ مؤقف کی پیروی کی۔ اس سے قبل بھارتی مینز کرکٹ ٹیم نے بھی محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے گریز کیا تھا۔
واضح رہے کہ محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ہیں اور فائنل کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔
بھارتی ویمن ٹیم نے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو 72 رنز سے شکست دی اور ٹائٹل اپنے نام کیا، تاہم ٹرافی وصول نہ کرنے کے فیصلے نے جشن کے موقع پر ایک نیا تنازع کھڑا کردیا۔
ٹرافی کی تقریب سے متعلق بھارتی ٹیم کے اس فیصلے پر کرکٹ حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر بحث جاری ہے۔