سینئر اسپورٹس صحافی قمر احمد کراچی میں انتقال کرگئے
اہل خانہ کے مطابق وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ سے علیل تھے اور آج خالق حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم قمر احمد کا شمار پاکستان کے ان ابتدائی کرکٹ صحافیوں میں کیا جاتا تھا جنہوں نے نہ صرف ملکی سطح پر کھیلوں کی صحافت کو مضبوط بنیاد فراہم کی بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کیا۔
انہوں نے اپنے طویل صحافتی کیریئر کے دوران دنیا بھر میں کرکٹ کے بڑے مقابلوں کی کوریج کی اور کھیل کے میدان سے وابستہ کئی تاریخی لمحات کو اپنی تحریروں اور تجزیوں کے ذریعے محفوظ کیا۔
رپورٹس کے مطابق قمر احمد نے بطور صحافی 400 سے زائد ٹیسٹ میچز اور 600 سے زائد ون ڈے انٹرنیشنل میچز کور کیے، اس کے علاوہ انہوں نے متعدد آئی سی سی ایونٹس کی بھی کوریج کی اور عالمی کرکٹ حلقوں میں ایک معتبر آواز کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔
قمر احمد 23 اکتوبر 1937 کو بھارت کے علاقے اتر پردیش میں پیدا ہوئے، وہ طویل عرصے تک انگلینڈ میں بھی مقیم رہے جہاں انہوں نے کرکٹ صحافت میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی کراٹے اسٹار آرزو ٹریفک حادثے میں جاں بحق
صحافت کے ساتھ ساتھ قمر احمد خود بھی کرکٹ کے میدان سے وابستہ رہے، انہوں نے 17 فرسٹ کلاس میچز کھیلے اور قائد اعظم ٹرافی میں حیدرآباد ٹیم کی قیادت بھی کی۔
کرکٹ حلقوں نے قمر احمد کے انتقال کو پاکستان کی کھیلوں کی صحافت کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے، ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز مغرب بیت السلام مسجد، ڈی ایچ اے فیز 4 کراچی میں ادا کی جائے گی۔