ذرائع کے مطابق پاکستان ورلڈ کپ میں شمولیت کے حوالے سے بڑے فیصلے پر غور کر رہا ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، محسن نقوی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کر نے کے حوالے سے وزیراعظم سے اجازت طلب کریں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں بنگلہ دیش کیخلاف آئی سی سی کے نامناسب رویے پر ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے پر غور کیا جائے گا جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں فیصلہ حکومت کرےگی، محسن نقوی
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے مؤقف پر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا، کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی مؤقف کو سراہا اور مکمّل حمایت کی، محسن نقوی نے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میچز بھارت میں نہ کھیلنے کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے، پی سی بی آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتا ہے، ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھ کر بنگلہ دیش کی حمایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی حکومت جو فیصلہ کرے گی اس پر من و عن عمل کریں گے، سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں، سب کو کرکٹ کے اصولوں پر چلنا چاہیے، ہمارے کھلاڑی با صلاحیت اور ہر لحاظ سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں، کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔
اس کو بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ کی نظریں بھی پاک آسٹریلیا سیریز پر ہیں اور وہ بجا طور پر آپ سے بہترین کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔
قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا ،ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، منیجر ٹیم نوید اکرم چیمہ، عاقب جاوید، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، ڈائریکٹر میڈیا، ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر حکام بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔