مولانا فضل الرحمان کی حمایت میں جے یو آئی سڑکوں پر نکل آئی
احتجاجی مظاہرے میں گورنر راج، ایمرجنسی کے نفاذ اور صوبے کے معدنی ذخائر سے متعلق معاملات پر بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں جمعیت علمائے اسلام ضلع پشاور کے زیر اہتمام احتجاج کیا گیا، جس کی قیادت ضلعی امیر مفتی مسکین شاہ نے کی۔
مظاہرے میں مولانا عطا الحق درویش، سابق میئر پشاور حاجی زبیر علی، جنرل سیکرٹری مولانا احمد علی درویش سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایسے کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
مظاہرین نے صوبے کے معدنی ذخائر پر مبینہ قبضے کیخلاف بھی آواز اٹھائی اور اسے ناقابل قبول قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے قدرتی وسائل پر عوام کا حق تسلیم کیا جانا چاہیے۔
جے یو آئی کارکنوں نے انسداد تجاوزات آپریشن پر بھی تحفظات کا اظہار کیا، مظاہرین کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کی کارروائیاں غریب خاندانوں، تاجروں اور محنت کشوں کے کاروبار اور روزگار کو متاثر کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سینئر رہنما پی ٹی آئی سینیٹر خرم زیشان کا مستعفی ہونے کا اعلان
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان، ان کے بھائی اور بیٹے سے متعلق بے نامی جائیدادوں کے انکشافات کو کردارکشی کی مہم قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی گئی۔
احتجاجی مظاہرے میں شرکا نے پارٹی قیادت کیخلاف مبینہ منفی مہم اور صوبے کے سیاسی و معاشی معاملات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔