گوادر میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، 10 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ دہشتگردوں کے حملے میں ایک شہری شہید ہوا جبکہ چند گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں کا مقصد بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا، تاہم ان کی ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ گوادر میں آپریشنز مکمل کرکے امن و امان اور ریاستی عملداری بحال کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پرانے پاسپورٹ کا دور ختم، نیا نظام متعارف
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ خاتون کو حملے میں زبردستی استعمال کرنا بلوچ خواتین کی حرمت کے منافی ہے۔ دہشتگرد بلوچ خواتین کو پروپیگنڈے اور عوامی جذبات بھڑکانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جبکہ بلوچستان کے عوام اپنے نام پر خون بہانے والے عناصر کو مسترد کرتے آئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور پاکستان بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔