پنجاب میں خاص سہولت کے بغیر چلنے والے شادی ہالز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
محکمہ ماحولیات (ای پی اے) نے صوبے بھر میں ایسے تمام میرج ہالز کو بند اور سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں کمرشل کچن سے اٹھنے والے دھوئیں اور آلودہ اخراج کے تدارک کے لیے سکشن ہڈز نصب نہیں کیے گئے۔
ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیر شیخ کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات کے فیلڈ افسران نے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شادی ہالز کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق شادی ہالز میں کچن سکشن ہڈز کی تنصیب کی آخری تاریخ 31 جنوری مقرر کی گئی تھی، تاہم ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود جو ہالز بغیر کچن سکشن ہڈز کے کام کر رہے ہیں، انہیں مزید کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مدھم فنگر پرنٹس والے شہریوں کیلئے نادرا کا نیا حل متعارف
حکام کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے میرج ہالز کو سیل کرنے کے ساتھ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق کمرشل کچنز سے پیدا ہونے والی آلودگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سکشن ہڈز نصب نہ کرنے پر اب تک 500 سے زائد ریسٹورنٹس کو سیل کیا جا چکا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پنجاب بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔