پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی
مردان میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاج کے حوالے سے مختلف راستوں سے آنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو گواہ بناتا ہوں کہ اسلام آباد کو ہم سومنات بنائیں گے، ہم اسلام آباد کو تباہ کر دیں گے، ہم راستے سے نہیں ہٹیں گے اور 27 ستمبر کو اسلام آباد جائیں گے۔ ہم ایک راستے سے نہیں جائیں گے، ہم موٹروے اور جی ٹی روڈ سے بھی جائیں گے، ہم مارگلہ کے پہاڑوں سے بھی اتریں گے اور ڈی آئی خان سے بھی اتریں گے۔
صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے ماضی کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ تو ہم ریاست کو ماں سمجھ رہے تھے، ہمیں پتہ نہیں تھا کہ ریاست گولیاں چلا سکتی ہے اور ہم اپنی لاشیں اٹھاکر آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کی گرفتاری کشیدگی کو ہوا دینے کے مترادف ہے، بیرسٹر گوہر
جنید اکبر نے مزید کہا ہے کہ پچھلی مرتبہ ہم اپنی لاشیں اٹھا کر واپس چلے گئے تھے اور اس وقت ہم اس پوزیشن میں نہیں تھے کہ احتجاج کرسکتے، اس دفعہ ہمیں پتہ ہے ریاست گولیاں چلائیں گی، اس دفعہ ایسا نہیں ہوگا کہ لاشیں دفن کرکے خاموش رہیں، لاشیں اٹھائیں گے اور نئے لوگ آئیں گے۔
جنید اکبر کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور پارٹی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو تیاریوں کی ہدایات دی گئی ہیں۔
جنید اکبر کے اشتعال انگیز بیان سے 27 ستمبر کے احتجاج کو پرتشدد بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی پرتشویش بڑھ گئی ہے جب کہ ان کی دھمکی پر احتجاج سے قبل ان کے بیان نے امن و امان کی صورت حال پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
حکومت اور ادارے پہلے ہی ممکنہ پر تشدد صورت حال کے خدشات کے پیش نظر صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جنید اکبر کی تقریر سے تحریک انصاف کے عزائم واضح ہونے پرعوام میں بھی تشویش پیدا ہوچکی ہے۔