پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کیلئے حکومت کا بڑا فیصلہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کو مختلف سیاسی جماعتوں کے احتجاج کا سامنا ہے، جہاں ممکنہ احتجاجی قافلوں کی آمد کے پیش نظر وفاقی انتظامیہ نے خیبرپختونخوا سے وفاق آنے والے راستوں کا سروے مکمل کرلیا ہے جب کہ خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے مظاہرین کو روکنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔
وفاقی پولیس نے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والی شاہراہوں پر خندقیں کھودنے کا فیصلہ کیا ہے، موٹروے اور جی ٹی روڈ پر احتجاجی قافلوں کو روکنے کے لیے خندقیں کھودی جائیں گی جب کہ 26 نمبر چونگی اور مارگلہ ٹیکسلا کے قریب بھی خندقیں کھودنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی کے ساتھ خیبرپختونخوا سے وفاقی دارالحکومت آنے والے دیگر راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی جب کہ اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر رکھے کنٹینرز میں مٹی کی بوریاں بھرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا
ریڈ زون کے گرد رکھے کنٹینرز میں مٹی سے بھری بوریاں ڈالی جائیں گی، گاڑیوں کی آمدروفت روکنے کے لیے بھی مٹی کی بوریاں رکھی جائیں گی، بوریوں میں مٹی بھرنے کے لیے درجنوں مزدوروں کو کام پر لگا دیا گیا جب کہ بوریاں بھرنے کے لیے مٹی کی ٹرالیاں ریڈ زون میں بھی منگوائی جارہی ہیں۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسلام آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے بھی 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔