جماعت اسلامی نے مال روڈ کا دھرنا ختم کردیا
جماعت اسلامی کی جانب سے مال روڈ پر دھرنا پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور مہنگائی کیخلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں دیا گیا تھا۔ جماعت اسلامی ملک کے مختلف شہروں میں بھی پٹرولیم لیوی کیخلاف احتجاجی دھرنے دے رہی تھی، جو کئی ہفتوں سے جاری تھے۔
لاہور میں فیصل چوک پر دھرنے کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، تاہم دھرنا ختم ہونے کے بعد انتظامیہ نے سڑک کو دوبارہ ٹریفک کیلئے کھول دیا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پارٹی نے پٹرولیم لیوی کیخلاف احتجاج کا اگلا مرحلہ بھی طے کر رکھا ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
پارٹی کے مطابق اسلام آباد مارچ کا مقصد پٹرولیم لیوی کیخلاف احتجاج اور حکومت سے اس کے خاتمے کا مطالبہ کرنا ہے۔
جماعت اسلامی اور حکومتی نمائندوں کے درمیان پٹرولیم لیوی اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر مذاکرات بھی جاری رہے ہیں، تاہم جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ صرف عارضی ریلیف کافی نہیں بلکہ پٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:سہیل آفریدی کی ناصر عباس اور محمود خاں اچکزئی سےاہم ملاقات
دوسری جانب جماعت اسلامی نے اسلام آباد مارچ کیلئے مختلف تجاویز پر بھی مشاورت کی ہے، جن میں ملک کے مختلف حصوں سے کارکنوں کی اسلام آباد روانگی اور کراچی سے ٹرین مارچ کی تجویز شامل ہے۔