سوات میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہری خوفزدہ
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات اور ملحقہ علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.3 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 80 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی مختلف علاقوں میں شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، خوفزدہ افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوگئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام کی جانب سے شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد مقامی سطح پر صورتحال کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی اسلام آباد، راولپنڈی، صوابی، شانگلہ اور مردان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 187 کلومیٹر اور مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن بتایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:موٹرسائیکل سواروں کیلئے خوشخبری
ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ مختلف بڑی ٹیکٹونک پلیٹس پر مشتمل ہے، زیرِ زمین پلیٹس کی حرکت یا ان میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کے باعث زمین میں ارتعاش پیدا ہوتا ہے، جسے زلزلہ کہا جاتا ہے۔
سوات میں زلزلے کے تازہ جھٹکوں کے بعد شہریوں میں خوف تو پایا گیا، تاہم فی الحال کسی بڑے نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔