100 روپے سستا پیٹرول: موٹرسائیکل سواروں کیلئے خوشخبری
وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ اور علی پرویز ملک نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں وزیرِ آئی ٹی شزہ فاطمہ نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے طریقہ کار اور خصوصیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی صورتحال اور خطے میں جنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے غریب طبقے کو بچانے کے لیے یہ خصوصی ریلیف پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں اور 800 سی سی گاڑی مالکان کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت مقرر کی گئی ہے۔
موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہفتے میں ایک بار 5 لیٹر پیٹرول (ماہانہ 20 لیٹر کی حد) پر 500 روپے کی سبسڈی حاصل کر سکیں گے۔
800 سی سی گاڑیوں کو ہر 10 دن بعد 10 لیٹر پیٹرول (ماہانہ 30 لیٹر کی حد) پر 1,000 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
اس پروگرام کے لیے 15 سال تک پرانی بائیک اور 20 سال تک پرانی 800 سی سی گاڑی اہل ہوگی۔
رجسٹریشن کا آسان طریقہ کار
شہری اپنے موبائل کے ذریعے 9771 پر پیغام بھیج کر اس اسکیم میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
رجسٹریشن کے لیے صرف 4 معلومات فراہم کرنی ہوں گی، جن میں نام، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی/بائیک کی نمبر پلیٹ، صوبے کے نام کا پہلا حرف (مثلاً Punjab کے لیے P) اور رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔
جس موبائل نمبر سے ایس ایم ایس بھیجا جائے، وہ سم اور شناختی کارڈ شہری کے اپنے نام پر ہونا ضروری ہے۔ تاہم، اگر گاڑی یا بائیک اپنے نام رجسٹرڈ نہ بھی ہو، تب بھی وہ سبسڈی حاصل کر سکتا ہے۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد شہری TOK لکھ کر 9771 پر بھیجیں گے اور ٹوکن کوڈ حاصل کریں گے تاہم کسی دوسرے شخص کے ٹوکن نمبر پر پیٹرول کی فراہمی ممکن نہیں ہوگی۔