فیول ریلیف اسکیم کا 16 ستمبر سے ملک بھر میں آغاز، تمام تر تیاریاں مکمل
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم پر انتظامی پیش رفت اور ملک گیر لانچنگ کی تیاریوں کے حوالے سے نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا 9 واں اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر مؤثر عملدرآمد اور مستحق افراد تک ریلیف پہنچانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم اسلام آباد میں پہلے ہی فعال ہے جب کہ ملک بھر میں اسکیم کا نفاذ 16 ستمبر 2026 کی رات 11 بج کر 59 منٹ سے کردیا جائے گا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ فیول ٹوکن کے ذریعے رعایتی پیٹرول کے حصول کا عمل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شروع ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سمارٹ لاک ڈاؤن پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، طارق فضل چودھری
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان اور ہر شخص کی دسترس میں رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ملک بھر میں اسکیم کے لیے رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے اور اہل افراد 9771 پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو عوامی آگاہی مؤثر بنانے اور پیٹرول پمپس پر اسکیم کا ہموار اور مؤثر نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
نائب وزیراعظم نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ فیول ریلیف اسکیم سے متعلق معلومات عوام تک پہنچائیں اور رجسٹریشن کے عمل میں شہریوں کی معاونت کریں اور انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکاروں کو بھی عوامی آگاہی اور رجسٹریشن کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
اسحاق ڈار نے پیٹرول پمپس کو ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے ذریعے 24 گھنٹے کے اندر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ اسکیم پر عملدرآمد میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔