پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، جلسے جلوس اور اجتماعات پر پابندی
میڈیا رپورٹس کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ پنجاب کے تمام اضلاع میں 13 سے 17 ستمبر تک رہے گا۔ اس دوران عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس یا اکٹھا ہونے پر پابندی ہوگی۔
حکمنامے کے مطابق عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کے لیے اکسانے یا ترغیب دینے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
تاہم دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی سے شادی کی تقریبات، بارات، جنازے، تدفین کے اجتماعات، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں عبادت کے لیے ہونے والے اجتماعات مستثنیٰ ہوں گے۔
عدالتوں، حکومتی اداروں اور باضابطہ اجازت کے ساتھ منعقد ہونے والی تقریبات پر بھی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
حکومت کے مطابق ڈیوٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلیجنس ایجنسیوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران اجتماع کو بھی اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔