ہماری جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی، حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کی وزیراعظم کی اسکیم کا جائزہ لیں گے اور اس حوالے سے آج رات اپنا موقف دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا عوام کو پیٹرول کی قیمت میں ریلیف دینے کا اعلان
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ اسکیم سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری جماعت اسلامی کی جدوجہد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، پیٹرولیم لیوی کے خلاف ہماری جدوجہد، لانگ مارچ اور دھرنے اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ڈالنے کے بجائے حکومت کو پیٹرولیم لیوی ختم کرنی چاہیے، انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی ریلیف اسکیم کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی موقف سامنے لائے گی۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے دھرنے جاری ہیں اور جماعت اسلامی نے اس سلسلے میں 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔