پنجاب سمیت بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی
این ڈی ایم اے نے مون سون کے نویں اور آخری اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد اور لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
الرٹ کے مطابق بالائی علاقوں، کشمیر، مری اور گلیات میں شدید بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت میں رات گئے تیز ہواؤں کے باعث صورتحال خراب ہو گئی، مارگلہ روڈ، فیصل ایونیو اور دیگر مقامات پر درخت گرنے سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
اسلام آباد کے اسپورٹس کمپلیکس میں تیز جھکڑ کے باعث کنسرٹ کا اسٹیج بھی گرگیا۔
یہ بھی پڑھیں: گرمی کا راج یا بادل برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا
پشاور اور گردونواح میں بارش ہوئی جبکہ صبح سویرے اسلام آباد میں بھی آسمان پر بادل چھا گئے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ موسم کی خراب صورتحال کے دوران احتیاط برتیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔