حج 2027: پاکستانی عازمین کیلئے حکومت کا اہم اعلان
وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج سکیم کے تحت حج پر جانے والے عازمین اپنے حج اخراجات کسی فرد، ایجنٹ یا حج آپریٹر کو نقد رقم کی صورت میں ادا نہ کریں، بلکہ ادائیگی کیلئے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری ڈیجیٹل نظام استعمال کریں۔
وزارت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ عازمین حج اپنے اخراجات کی ادائیگی سرکاری طور پر مقرر کردہ ڈیجیٹل حج مینجمنٹ سسٹم یا پاک حج ایپ کے ذریعے ہی کریں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد عازمین کو ممکنہ فراڈ، دھوکا دہی اور مالی نقصان سے محفوظ رکھنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ڈیجیٹل نظام کے استعمال سے نجی حج آپریٹرز کے معاملات کی مؤثر نگرانی بھی ممکن ہوگی اور عازمین کی ادائیگیوں کا ریکارڈ شفاف انداز میں محفوظ رکھا جاسکے گا۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ مقررہ طریقہ کار سے ہٹ کر کسی غیر مجاز فرد کو رقم دینے سے گریز کریں، کیونکہ ایسی صورت میں رقم ضائع ہونے کا خدشہ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ حج پالیسی کے تحت حج 2027 کے آپریشن سے قبل عازمین کو اپنی تیاریوں اور بکنگ کیلئے صرف ان نجی حج آپریٹرز کا انتخاب کرنا ہوگا جو حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر لائسنس یافتہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کے رہنما شیخ شبیر قاتلانہ حملے میں جاں بحق
واضح رہے کہ حج 2027 کیلئے پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ 179,210 مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے 71,684 پاکستانی عازمین نجی حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرسکیں گے، جبکہ باقی عازمین سرکاری حج سکیم کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کریں گے۔