ن لیگی وزراء اور ارکان اسمبلی سمیت 51 افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
عدالت نے مقدمے میں مسلم لیگ ن کے وزراء، سابق و موجودہ ارکان اسمبلی سمیت 51 افراد کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
عدالت نے ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا کو حکم دیا ہے کہ تمام ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے، مقدمے کی آئندہ سماعت کے لیے 12 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔
عدالت کی جانب سے جن افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں ان میں وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری اوروفاقی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹرمصدق ملک بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ایم این اے شہباز بابراورارکان پنجاب اسمبلی کاشف رحیم اورجعفرعلی ہوچہ کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اے این پی کے منتخب ناظم خان واحد پی ٹی آئی میں شامل
مقدمے میں سابق ارکان قومی اسمبلی اکرم انصاری، میاں عبدالمنان اوراعجاز ورک بھی ملزمان میں شامل ہیں جبکہ سابق ایم این اے میاں جاوید لطیف اور قاسم فاروق کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
عدالت نے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کے بعد انہیں مقررہ تاریخ پرعدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ مقدمہ 22 جولائی 2019 میں مریم نواز کی ریلی کے دوران مبینہ توڑ پھوڑ اور دیگرواقعات کے حوالے سے تھانہ فیکٹری ایریا میں درج کیا گیا تھا۔
مقدمے کی کارروائی کے دوران عدالت نے مسلسل عدم حاضری پرملزمان کو اشتہاری قراردیتے ہوئے اب ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔