لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج مطلع صاف ہے تاہم شام کے اوقات میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
لاہور میں ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ہے۔ دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی 5 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ شہر کے چند علاقوں میں آج بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں جنوب مغربی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا فضائی معیار بھی تسلی بخش ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف تاجر صلاح الدین نورزئی قاتلانہ حملے میں جاں بحق
ادھر اسلام آباد کے شہریوں کیلئے بھی محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کی ہے، دارالحکومت میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ دن بھر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔