لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد راحیل کامران شیخ مستعفی
جسٹس محمد راحیل کامران شیخ نے اپنے استعفے کی ایک کاپی رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو بھی ارسال کردی۔ انہوں نے عہدہ فوری طور پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذہن نشین رہے کہ جسٹس راحیل کامران 7 مئی 2021 کو لاہور ہائیکورٹ کے جج تعینات ہوئے تھے، اس وقت ججز کی سنیارٹی لسٹ میں 27ویں نمبر پر تھے۔ انہیں 20 جنوری 2036 کو ریٹائر ہونا تھا، تاہم انہوں نے مقررہ مدت سے قبل ہی استعفیٰ دے دیا۔
استعفے کے متن میں جسٹس محمد راحیل کامران شیخ نے اپنے فیصلے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور فقیہ مزید ترقی اور قانون کی حکمرانی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے بینچ چھوڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ قانونی اسکالرشپ، پالیسی ریسرچ اور تقابلی عدالتی مشق کے شعبوں میں وسیع تر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
جسٹس راحیل کامران نے اپنے استعفے میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے بینچ پر گزارے گئے سال ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے سب سے زیادہ تشکیل دینے والے اور تکمیل پذیر ادوار میں شامل رہے۔
یہ بھی پڑھیں:پارلیمنٹ چاہے تو نئے صوبے بن سکتے ہیں:اعظم نذیرتارڑ
انہوں نے اپنے سینئر ساتھی ججز اور عدالتی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے مستقل وابستگی کے ساتھ بینچ سے رخصت ہو رہے ہیں۔