پارلیمنٹ چاہے تو نئے صوبے بن سکتے ہیں:اعظم نذیرتارڑ
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سب سے بڑا مسئلہ انتخابات کا انعقاد تھا، تاہم وہاں انتخابات پرامن اور شفاف طریقے سے ہوئے۔
اعظم نذیر تارڑ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر کہا کہ پاکستان میں اگر صوبائی اسمبلیاں اور پارلیمنٹ چاہیں تو دو تہائی اکثریت کے ذریعے نئے صوبے بن سکتے ہیں، اس حوالے سے آئینی طریقہ کار موجود ہے اور متعلقہ فورمز کی منظوری ضروری ہوگی۔
وفاقی وزیر نے سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف متعدد مرتبہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، ملک میں سیاسی مسائل کے حل کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔
آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا انتخاب کرنے کا حق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو حاصل تھا۔
یہ بھی پڑھیں:سوات میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.0 ریکارڈ
وفاقی وزیر کے بیان کے بعد ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث ایک بار پھر اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ نئے صوبوں کا معاملہ طویل عرصے سے سیاسی اور عوامی حلقوں میں زیر بحث رہا ہے، تاہم اس کیلئے آئینی تقاضے پورے کرنا لازمی ہوگا۔