اے ایم آئی سنگل فیز میٹرز کی تنصیب، لیسکو کا دوہرا معیار
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیسکو نے تقریباً 15 کروڑ روپے کی لاگت سے سرکاری میٹرز تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 8 ہزار 342 سنگل فیز اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔
عام صارفین کو نیپرا سے بجٹ منظور نہ ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے اے ایم آئی سمارٹ میٹرز فراہم نہیں کیے گئے، تاہم پنجاب حکومت کے لیے جدید سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کی شامت آگئی
منصوبے کے تحت لیسکو کے مختلف سرکلز میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی جائے گی۔ ناردرن سرکل میں 751، سینٹرل سرکل میں 1,392، ایسٹرن سرکل میں 714 اور اوکاڑہ سرکل میں 1,811 میٹرز تبدیل کیے جائیں گے۔
اسی طرح ساؤتھ سرکل میں 899، شیخوپورہ سرکل میں 721، قصور سرکل میں 1,195 اور ننکانہ صاحب سرکل میں 859 سنگل اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔
جدید سمارٹ میٹرز سے بجلی کے استعمال، ریڈنگ اور دیگر امور کی مانیٹرنگ زیادہ مؤثر انداز میں ممکن ہوگی۔ دوسری جانب عام صارفین کو سمارٹ میٹرز کی سہولت نہ ملنے پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور صارفین کے لیے بھی جدید میٹرز کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔