حکومت کی نجی حج آپریٹرز کیلئے ڈیڈ لائن مقرر
وزارت مذہبی امور نے حج منظم کمپنیوں کو اس حوالے سے خط جاری کر دیا ہے، جس میں تمام مختص کوٹے کے مطابق حج پیکیجز کی مختلف کیٹیگریز فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نجی حج اسکیم کے تحت 71 ہزار 684 نشستںیں مختص ہیں تاہم پانچ روز میں صرف 54 عازمین کی بکنگ ہو سکی، جس کے بعد بینکنگ کا تناسب 0.1 فیصد رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی حج کا 99.9 فیصد کوٹہ تاحال باقی ہے جبکہ وقت محدود ہونے کے باعث وزارت مذہبی امور نے کمپنیوں کو پیکجز فعال کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزارت کے مطابق حج پیکیجز تین روز کے اندر فعال نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کاروائی کی جا سکتی ہے جبکہ غیر فعال کوٹہ ضبط کر کے دیگر حج کمپنیوں کو منتقل کرنے کا امکان بھی موجود ہے۔
نئی پالیسی کے تحت عازمین پہلی مرتبہ وزارت مذہبی امور کے ویب سائٹ کے ذریعے نجی حج پیکیجز کا انتخاب کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:مکہ ٹاور پر بجلی کڑکنے کا خوبصورت منظر وائرل
وزارت مذہبی امور نے آئندہ برس نے نجی حج اسکیم کے لیے ویب سائٹ پر پیکیجز کی تشہیر بھی لازمی قرار دی ہے۔
واضح رہے کہ نجی حج اسکیم کے تحت رواں سال 40 فیصد کوٹے کے ساتھ 71 ہزار 684 نشستوں پر حج اخراجات وصول کیے جا رہے ہیں۔