پنجاب اسمبلی کا بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف بڑا اقدام
پنجاب میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ/فائل فوٹو
Updated | Published August, 28 2026 |
لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد حکومتی رکن احسن رضا خان نے آؤٹ آف ٹرن پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کیا
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بجلی کی لوڈشیڈنگ شدید ہوچکی ہے، ایک جانب عوام بجلی کی بندش کا سامنا کر رہے ہیں تو دوسری جانب ایک طبقے کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ حاصل ہے، جس پر پنجاب کے عوام شدید تشویش کا شکار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اوگرا کی جانب سے ایل این جی کی قیمتوں میں کمی، نوٹیفکیشن جاری
احسن رضا خان نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، اگر بجلی کی لوڈشیڈنگ ناگزیر ہے تو اس کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے اور لوڈشیڈنگ سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔
قرارداد کے ذریعے پنجاب اسمبلی نے پنجاب اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری طور پر بند کی جائے اور بجلی کی فراہمی میں عوام کے ساتھ مساوی سلوک یقینی بنایا جائے۔