آزاد جموں کشمیر کے نئے وزیر اعظم نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر چلیں گے، ایک ایساآزاد کشمیر بنائیں گے جس کی مثال پوری دنیا دے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا چھوٹا سا خطہ ہے،گورننس کے مسائل ہیں، روزگار کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کریں گے، ہمیں اپنے ہسپتالوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہماری حکومت میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کی مثال دی جائے گی۔
وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اپنے پہلے خطاب میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ نہيں، یہ اقوام متحدہ کی قرارداوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے۔
نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہيں، قانون سازی سے کشمیر کو بھارت کا حصہ نہيں بنایا جا سکتا۔ افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے شکر گزار ہيں، پاک فوج کی وجہ سے کشمیری سکون کی نیند سوتے ہيں۔
یہ بھی پڑھیں:سوشل میڈیا پروپیگنڈے کیخلاف نوجوانوں کا مثبت کردار ضروری ہے: فیلڈ مارشل
انہوں نے کہا کہ ریکروٹمنٹ کے لیے این ٹی ایس کی طرح تھرڈ پارٹی سسٹم لائيں گے، آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ نہيں لیکن چیزيں بہتری کی طرف جائيں گی، ڈيجیٹل اکانومی کی طرف جائيں گے اور اسکلڈ بیسڈ ایجوکیشن پر کام کریں گے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ محکمہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات لائيں گے اور عوامی شکایت کے لیے ڈيجٹل سیٹزن پورٹل لانچ کریں گے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزادکشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔ نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان نے 14ووٹ حاصل کیے۔
افتخار گیلانی پہلی بار 2011میں منتخب ہوکر آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پہنچے تھے، افتخار گیلانی آزادکشمیر کے وزیرتعلیم بھی رہ چکےہیں۔افتخار گیلانی حالیہ انتخابات میں ٹیکنو کریٹ نشست پر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
مسلم لیگ ن نے آزادکشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس میں بیرسٹر افتخار گیلانی کا وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے فائنل کیا تھا۔