آسٹریلیا کی پاکستان کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے بھی تازہ ٹریول ایڈوائزری شیئر کی، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال غیر متوقع ہے اور اچانک حالات میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔
آسٹریلوی شہریوں کو بڑے اجتماعات، مظاہروں اور احتجاجی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مقامی میڈیا کی نگرانی اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر فوجی سرگرمیاں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کو متاثر کرسکتی ہیں، اس کے باعث مختصر نوٹس پر نقل و حرکت پر پابندیاں، سڑکوں کی بندش، ٹرانسپورٹ میں خلل اور سیکیورٹی اقدامات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کا ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم اعلان
آسٹریلوی حکومت نے بالخصوص سرکاری عمارتوں، عبادت گاہوں اور سیکیورٹی چیک پوسٹس کے اطراف محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، اس کے علاوہ آسٹریلوی شہریوں اور پاکستانی نژاد دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو درست آسٹریلوی پاسپورٹ پر سفر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے دوہری شہریت کے حامل افراد کو پاکستان سے روانگی یا آسٹریلیا واپسی میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق افغان نژاد آسٹریلوی شہریوں کو بھی پاکستانی حکام کی جانب سے اضافی جانچ، پوچھ گچھ یا حراست کا سامنا ہوسکتا ہے، حتیٰ کہ ان کے پاس درست ویزا موجود ہو۔