یو اے ای کا ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم اعلان
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق یو اے ای حکومت نے 20 جولائی 2026 سے تمام پاکستانی ملازمت کے ویزا درخواست گزاروں کیلئے گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ، جسے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی کہا جاتا ہے، لازمی قرار دیا ہے۔
ایڈوائزری میں پاکستانی ملازمت کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویزا درخواست جمع کروانے سے قبل متعلقہ پاکستانی اتھارٹی سے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
بیورو کے مطابق سرٹیفکیٹ کے حصول کے بعد اسے پاکستان میں موجود متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق کروانا بھی ضروری ہوگا۔ حکام نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا ہے کہ ویزا پراسیس شروع کرنے سے پہلے تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل کرلیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی تاخیر یا قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے تمام جاب سیکرز کے ساتھ ساتھ لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو بھی نئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی ہے۔
مطلوبہ دستاویزات کی بروقت تکمیل سے ملازمت کے ویزا کے عمل کو آسان بنانے میں مدد مل سکتی ہے، اس لیے یو اے ای میں روزگار کیلئے جانے والے پاکستانی شہریوں کو چاہیے کہ وہ درخواست جمع کروانے سے پہلے متعلقہ اداروں سے دستاویزات اور تصدیق کے موجودہ طریقہ کار کی معلومات حاصل کرلیں۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل سستا، فی بیرل کتنے کا ہوگیا؟
نئی شرط کے باعث یو اے ای میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کو اپنی ویزا درخواست کی اہم دستاویزات میں شامل کریں۔