عالمی منڈی میں خام تیل سستا، فی بیرل کتنے کا ہوگیا؟
تیل کی قیمتوں میں کمی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کے روز برینٹ خام تیل کے ستمبر فیوچرز کی قیمت میں 25 سینٹ، یعنی 0.3 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 89.45 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں بھی 22 سینٹ، یعنی 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی 83.31 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرنے لگا۔
ہفتہ وار بنیادوں پر بھی خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 5.3 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 4.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے ماحول میں سامنے آئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاملات میں بہتری کے بجائے مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے سے سفارتی کوششوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ جون میں ایران کے ساتھ طے پانے والے مفاہمتی سمجھوتے کو دوبارہ بحال کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششیں مزید مشکل ہوگئی ہیں۔
اس سے قبل واشنگٹن کی جانب سے بھی واضح کیا گیا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہیں کررہا۔ تاہم بعض دیگر ممالک دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور انہیں دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
معاشی ماہرین کا کہنا ہپے کہ عالمی سطح پر جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باوجود خام تیل کی قیمتوں میں کمی مارکیٹ میں طلب، رسد اور سرمایہ کاروں کے بدلتے ہوئے رجحانات کی عکاسی کرتی ہے۔