پنجاب میں دفعہ 144 میں 30 روز کی توسیع
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آؤٹ ڈور ڈرون آپریشنز پر پابندی میں توسیع موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر کی گئی۔ صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ ہالز اور مارکیز کے اندر منعقد ہونے والی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔ تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کی مکمل ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔
حکام کے مطابق دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی کا اطلاق انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہیں ہوگا۔ متعلقہ ادارے اپنے سرکاری، نگرانی اور آپریشنل امور کیلئے ڈرونز کا استعمال کرسکیں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈرون کے مخصوص اور منظور شدہ استعمال کیلئے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ یہ کمیٹی مخصوص مقاصد کیلئے ڈرون استعمال کرنے کی اجازت دے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی
حکام کے مطابق کمیٹی کی تحریری منظوری حاصل کرنے کے بعد زرعی، آبپاشی، تحقیقی اور دیگر منظور شدہ سرگرمیوں کیلئے ڈرون کے استعمال کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جاسکے گا۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔