ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر کے بعد شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ بارش کے باعث بعض علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے، تاہم شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق کالاباغ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 3 لاکھ 98 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چشمہ بیراج، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، تاہم ملک کے دیگر دریاؤں میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہفتے میں 100 روپے تک مہنگا
کراچی میں موسم جزوی ابرآلود اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔