پاکستانی نوجوان کوہ پیما اسما مشتاق 'اسپانٹک' سر کرنے کے بعد انتقال کرگئیں
7 فروری 1992 کو پیدا ہونے والی اسما مشتاق کو مہم جوئی، پہاڑوں اور قدرتی مناظر سے گہری محبت کے باعث کوہ پیمائی کی کمیونٹی میں پہچانا جاتا تھا۔
اسما حال ہی میں پاکستان کے قراقرم پہاڑی سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی سر کرنے کے لیے مہم کا حصہ بنیں۔
رپورٹس کے مطابق اسما نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے اسپانٹک کی چوٹی سر کی اور اس وقت ان کی صحت بہتر تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹر ابھیشیک پورل سنگین الزامات پر گرفتار
تاہم چوٹی سے واپسی کے دوران انہیں مبینہ طور پر بلند مقام کی بیماری (ہائی آلٹی ٹیوڈ سکنس) کا سامنا کرنا پڑا، گائیڈ نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
اسما مشتاق کی میت کی واپسی کے انتظامات کے لیے قراقرم کالنگ ٹریکس متعلقہ حکام سے رابطے اور ان کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔
اسما کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔
صارفین نے ان کی پہاڑوں، ساحلوں اور قدرتی مناظر سے محبت کو یاد کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعائیں بھی کی ہیں۔